خط
سلام عرض ہے جنابِ من !
میں جھوٹ بولتا نہیں مگر،
میں ٹھیک ہوں میں خیریت سے ہوں
اب آپ کی بھی خیریت کا خط ملے تو جان پاؤں آپ ٹھیک ہیں، مزے میں ہیں
یہ جانتے ہوئے کہ خیریت کا خط کبھی نہیں لکھیں گے آپ !
اور جانتے ہوئے کہ آپ خیریت سے ہیں، مزے میں ہیں
مگر میں پھر بھی منتظر ہوں اور منتظر رہوں گا جانے کب تلک!
میں جھوٹ بولتا نہیں مگر،
میں مضطرب نہیں، میں غم زدہ نہیں ، یہ بے کلی مجھے ستا نہیں رہی
یہ بے بسی بھی میرے پاس آ نہیں رہی
طبیعت اب بڑی ہی پر سکون ہے،
رگوں میں خون کی جگہ قرار دوڑتا ہے اب
مجھے تو کوئی رات یاد ہی نہیں
وہ یاد ہے ناں آپ کو کہ جب اداس ہو کے میرا نام کتنی بار لے کے مجھ سے آپ پوچھتے تھے کیا کرو گے میرے بن؟
اگر تمہیں ملوں نہیں؟
اگر تمہیں دِکھوں نہیں؟
تو دل کی بات کس کے پاس جا کے تم سناؤ گے؟
مری طرح سے کون نام لے گا اس طرح ؟
مجھے جو دل کی ساری باتیں یاد تھیں حرف حرف
میں جھوٹ بولتا نہیں مگر
مجھے تو اب وہ دل کی کوئی بات یاد ہی نہیں!
جنابِ من! عزیزِ جاں!
گلی میں چلتے چلتے کل ، نہ جانے کس خیال میں چلا گیا تھا دور تک
بڑا حسیں خیال تھا!
حقیقتاً فراق ہے، خیال میں وصال تھا مگر وہ باکمال تھا
میں اس قدر کسی دھیان میں مگن ہوا کہ راستوں سے بے خبر بڑی ہی دور تک چلا
بڑی ہی دیر تک چلا کہ پھر حواس کی جو بے شمار ٹھوکریں لگیں تو گر پڑا
بڑی بُری طرح گرا
گلی بھی سوچتی تو ہو گی کیا عجیب شخص ہے
مگر خیال میں وہ آپ تو نہیں تھے اے جنابِ من!
میں جھوٹ بولتا نہیں مگر
کبھی کبھی۔۔۔۔۔۔
میں جانتا ہوں مجھ کو خط نہیں لکھیں گے آپ
پھر بھی جانے کس لیے یہ لکھ رہاہوں آپ کو
میں یہ بھی جانتا ہوں میرا خط کبھی نہیں ملے گا آپ کو
میں آپ کو کبھی یہ بھیج پاؤں گا نہیں
کہ میں تو جھوٹ بولتا نہیں تو پھر یہ خط بھی کیوں؟؟؟
جنابِ من! عزیزِ من!
سلامتی ، دعائیں ۔۔۔
والسلام
زین شکیل
No comments:
Post a Comment